عمرہ پر آئے ایشیائی کو دل کا دورہمیڈیکل عملہ نے جان بچا لی

   

ریاض : سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبویؐ کے صحن میں ایک ایشیائی معتمر کو دل کا دورہ پڑا، اس کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا اور وہ بے ہوش ہوگیا۔ ایسے میں باب جبریل ہیلتھ سنٹر کی طبی ٹیموں نے بروقت کارروائی کی اور اس ایشیائی شہری کی جان بچانے میں کامیاب ہوگئیں۔مدینہ ہیلتھ کلسٹر نے اشارہ کیا کہ باب جبریل ہیلتھ سنٹر کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کو یہ کیس بذریعہ ہلال احمر موصول ہوا۔ معتمر بے ہوش ہو چکا تھا اور اس کا دل بھی کام کرنا چھوڑ گیا تھا، اس کا سانس بھی بند ہوگیا تھا۔مرکز میں میڈیکل ٹیم نے کارڈیو پلمنری ری سسیٹیشن (سی پی آر) شروع کیا اور یہ عمل 20 منٹ تک جاری رکھا۔ انتھک محنت کے بعد مریض کی نبض اور سانس بحال ہوگئے۔صحت کی حالت مستحکم ہونے کے بعد معتمر کو معائنے اور مکمل علاج کیلئے مدینہ جنرل ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔