عمر اکمل اور احمد شہزاد دوبارہ طلب ،جنید خان نظر انداز

   

کراچی۔17 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے دو سال بعد متنازعہ اوپنر احمد شہزاد کو پاکستان ٹیم میں شامل کیا ہے۔ سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے نظر اندازکئے جانے والے کئی کھلاڑیوں کو ہیڈ کو چ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے منتخب کرلیا ہے۔پاکستان ٹیم نے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بیٹسمین عمر اکمل، افتخار احمد، محمد رضوان، عابد علی، فاسٹ بولر عثمان خان شنواری، فہیم اشرف کو بھی دوبارہ طلب کیا ہے۔ مصباح الحق نے ممکنہ کھلاڑیوں میں چار اوپنرز میں امام الحق، فخر زمان، احمد شہزادکو شامل کیا گیا ہے۔ سلیکٹرز دو الگ الگ ٹیموں کا اعلان کریں گے۔ حیران کن طور پر پی سی بی نے یہ بتانے سے گریز کیا ہے کہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب کس کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں شعیب ملک کی جگہ کو پر کرنے کے لئے عمراکمل کو موقع دیا جائے گا۔ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کو خارج کردیا گیا ہے۔27 سالہ اوپنر احمد شہزاد نے دو سال پہلے سری لنکا کے خلاف اپنا آخری ونڈے کھیلا تھا۔ پی سی بی نے ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کو کیمپ کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر بننے کے بعد پہلی بار ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ مکی آرتھر ماضی میں جن کھلاڑیوں کو نظر انداز کرتے رہے مصباح الحق نے ان کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا ہے۔ ماضی میں وقار یونس نے ہیڈ کوچ کے دوران عمر اکمل اور احمد شہزاد کے خلاف رپورٹ دی تھی اب وقار یونس کی موجودگی میں دونوں کو دوبارہ بلایا گیا ہے ۔