عمر اکمل کا کریئر ختم ہوگیا:ظہیر عباس

   

لاہور۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیرعباس نے کہا ہے کہ عمر اکمل کا کیریئر ختم ہوگیا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بیسٹمین اسی سزا کے مستحق تھے، وہ کوئی جونیئر کرکٹر نہیں ایک عرصہ سے پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، پی سی بی کی جانب سے عمراکمل کو اینٹی کرپشن قوانین کے حوالے سے کئی بار بتایا گیا ہوگا کہ اگر کسی بدعنوان شخص کی طرف سے رابطہ کیا جائے تو کیا کرنا ہے،انہوں نے اس بات کو یکسر نظر انداز کر دیا۔ظہیر عباس نے کہا کہ پی سی بی کو علم ہوا تو عمر اکمل نے غلطی کا اعتراف کرلیا، اگر کوئی قوانین کی پاسداری نہیں کرتا تو آپ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ بہترین ٹیلنٹ ہے، قانون کا احترام نہ کرنے والا کبھی عظیم کرکٹر نہیں بن سکتا۔یاد رہے کہ سٹہ بازوں کی جانب سے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہ کرنے والے عمراکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔یاد رہے کہ عمر اکمل کا کیرئر تنازعات سے بھرا ہے اور انہیں کئی مرتبہ تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔