ممبئی ۔بی سی سی آئی نے کرکٹ میں عمر میں دھوکہ دہی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں جس کے تحت اگرکوئی کھلاڑی اپنی عمر چھپاکر کھیلتا ہے تو اس پر دو سال کیلئے پابندی عائدکردی جائے گی۔ عمر اور ڈومیسائل کی دھوکہ دہی کو روکنے کے لئے بی سی سی آئی نے2020-21 کے سیزن کیلئے کچھ نئے اور سخت قوانین واضع کیے ہیں۔ اس اصول کے تحت پہلے سے اندراج شدہ کھلاڑیوں کیلئے رضاکارانہ انکشاف اسکیم تیارکی گئی ہے ۔اس اسکیم کے تحت وہ تمام کھلاڑی جو اس وقت اپنی عمر کو چھپاکر غلط عمر گروپ کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور اگر وہ سامنے آتے ہیں اور اس کو قبول کرتے ہیں اور اپنا صحیح پیدائشی سرٹیفکیٹ دکھاتے ہیں تو انھیں معاف کر کے ان کے گروپ میں ڈال دیا جائے گا۔ اس کیلئے کھلاڑیوںکو ایک خط لکھنا ہوگا ، اس پر دستخط کرنا ہوں گے اور اسے بی سی سی آئی عمر کی تصدیق کے شعبے کو بھیجنا ہوگا۔ اس کی آخری تاریخ اس سال 15 ستمبر ہے۔ تاہم اگر اس دوران کھلاڑی اپنا صحیح عمرکی سند جاری نہیں کرتے ہیں اور انکی پیدائشی سند غلط پائی جاتی ہے تو بی سی سی آئی کارروائی کرے گی اور اس کھلاڑی پر دوسال کی پابندی عائد کرے گی۔ اس کے علاوہ کھلاڑی پابندی ختم ہونے کے بعد بی سی سی آئی کے گروپ کلاس اور ریاستی ٹورنمنٹس میں بھی حصہ نہیں لے سکے گا۔اگر ان کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی سینئر مرد یا خواتین کھلاڑی ڈومیسائل دھوکہ دہی میں ملوث پائے جاتے ہیں تو ان پر دو سال کیلئے پابندی عائد ہوگی۔بی سی سی آئی نے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے جو ساتوں دن 24گھنٹے کھلا رہے گا۔ کوئی بھی شخص 9820556566/9136694499 پر کال کر کے شکایت کرسکتا ہے ۔