عنبرپیٹ میں بی آر ایس سے کروڑہا روپیوں سے مسلم قبرستان کیلئے اراضی مختص کرنے کا اعلان

   

کالیرو وینکٹیش کی انتخابی مہم، ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل

حیدرآباد : /12 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی نے تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ہی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی توجہ مرکوز کی ہے اور حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ میں مسلم قبرستان کیلئے کروڑہا روپئے کی اراضی مختص کرنے کا وعدہ پورا کیا ہے ۔ حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ کے بی آر ایس پارٹی کے امیدوار کالیرو وینکٹیش نے مسلم علاقوں میں انتخابی مہم کے دوران یہ کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ انتخابات میں عنبرپیٹ علی کیفے کے قریب واقع مسلم قبرستان کیلئے اراضی مختص کرنے اور اس کی ترقی کا وعدہ کیا تھا اور جاریہ سال ستمبر میں انہوں نے یہ وعدہ پورا کیا ہے ۔ کالیرو وینکٹیش نے کہا کہ ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی کے ہاتھوں اس قبرستان کی حصار بندی کے سنگ بنیاد رکھی گئی تھی ۔ کوویڈ وباء کے دوران نعشوں کی تدفین کیلئے مسئلہ پیدا ہونے اور مقامی عوام کی جانب سے علاقہ عنبرپیٹ میں مسلم قبرستان کیلئے جگہ مختص کرنے کا مطالبہ رہا ہے ۔ اس پس منظر میں انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے مسلم قبرستان کی جگہ کیلئے نمائندگی کی تھی جسے کے سی آر نے فوری طور پر منظور کرتے ہوئے قبرستان کی حصار بندی کرنے اور اس کی ترقی کیلئے کروڑہا روپئے مختص کردیئے ۔ عنبرپیٹ میں مسلم قبرستان کے ترقیاتی کام کا آغاز حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ کیلئے ایک تاریخی یادگار ہے ۔