عنبر پیٹ ، جہاں نما اور بھولکپور میں ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر کا روڈ شو

   

کانگریس امیدواروں کے حق میں لہر ، ترقی کیلئے ووٹ دینے کی اپیل

حیدرآباد۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے آج بلدی حلقہ جات عنبر پیٹ، جہاں نما اور بھولکپور میں کانگریس امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی اور عوام سے وعدہ کیا کہ گریٹر بلدیہ میں کانگریس کی کامیابی کے بعد عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ کانگریس نے انتخابی منشور میں غریبوں کو برقی اور پانی کی مفت سربراہی کے علاوہ خواتین، طلبہ، ضعیفوں اور معذورین کو میٹرو ریل اور ایم ایم ٹی ایس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ عنبرپیٹ ڈیویژن کے کانگریس امیدوار پیر منیر احمد جابر کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور کانگریس سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد کی پُرامن فضاء کو مکدر کرتے ہوئے ترقی کے راستہ سے پسماندگی کی طرف لے جانے کے منصوبہ پر ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عنبر پیٹ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کرتے ہیں لیکن یہ علاقہ پسماندگی اور مسائل سے پُر ہے۔ کشن ریڈی نے غریب بستیوں اور سلم علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی جبکہ عنبرپیٹ کے دیگر علاقوں میں سڑکوں کی کشادگی اور پانی، برقی کے موثر انتظامات نہیں کئے۔ کانگریس قائدین کے دورہ کے موقع پر مقامی افراد نے اپنے مسائل سے واقف کرایا اور کہا کہ انہوں نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ کوویڈ لاک ڈاؤن کے دوران کانگریس امیدوار نے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں جس کا رائے دہندوں کو اعتراف ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ فرقہ وارانہ منافرت کے ایجنڈہ کے ساتھ آنے والی طاقتوں کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس کو مستحکم کریں تاکہ ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ٹی آر ایس حکومت سے عاجز آچکے ہیں اور بلدی انتخابات کے نتائج کے سی آر حکومت کے زوال کا آغاز ثابت ہوں گے۔ محمد علی شبیر نے جہاں نما اور بھولکپور میں کانگریس امیدواروں کے حق میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ مجلس کی جذباتی سیاست اور نعرہ بازی کا شکار ہوئے بغیر کانگریس پارٹی امیدواروں کو خدمت کا موقع فراہم کریں۔