میدک میں پرجا پالنا پروگرام سے ریاستی وزیر سی دامودھر راج نرسمہا کا خطاب
میدک ۔ 7 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر صحت و سائنس اینڈ ٹکنالوجی سی دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ ریاست کی عوام بی آر ایس کی اقدار و تکبرانہ قیادت کو بیدخل کرتے ہوئے تلنگانہ میں اندراماں راج کے قیام کی خاطر کانگریس کو اقتدار پر لایا۔ کیونکہ عوام جانتی تھی کہ تلنگانہ ریاست 6 لاکھ کروڑ قرض کے بوجھ تلے دب چکی ہے۔ ریاست میں بیروزگاری پھیل چکی ہے۔ سہوال کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں 1.94 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ پڑچکی ہیں۔ ریاستی وزیر دامودھر راج میدک کے سائی بالاجی گارڈنس میں حکومت کی جانب سے احیاء کردہ 6 گیارنٹی اسکیمات کے اختتامی روز درخواستوں کی وصولی کے لئے آمد پر اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر موصوف نے بلدیہ میدک کے وارڈس 31, 30, 29 اور 32 کے مستحقین سے درخواستیں وصول کئے۔ انہوں نے اپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں عوامی مسائل حل ہوں گے اور ریاست ترقی کی منزلیں طے کرے گی۔ ایم ایل اے میدک ڈاکٹر ماتنم پلی روہت راؤ کی صدارت میں منعقدہ پرجا پالنا پروگرام میں صدر نشین بلدیہ چندرا پال نے خیرمقدمی تقریر کی۔ ریاستی وزیر صحت نے میدک ایریا ہاسپٹل میں سی ٹی اسکان کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت ضلع میدک کو سرسلہ زون میں شامل کرکے سرکاری ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں کہیں بھی جاتے ہیں میدک کو چارمینار زون میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ پرجا پالنا میں حاصل ہوئی تمام درخواستوں کو آن لائن کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر رمیش، آر ڈی او میدک امباداس راجیشور، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر چندو نائک کے علاوہ دیگر قائدین، عہدیدار موجود تھے۔ پریس کلب قائدین نے صدر پریس کلب ڈی نریش کی قیادت میں وزیر موصوف کو تہنیت پیش کرتے ہوئے میدک میں صحافیوں اور وظیفہ ملازمین کے لے ویلنس مرکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں پروگرام وزیر موصوف دامودھر راج نرسمہا نے رکن اسمبلی ماتنم پلی اور ضلع کلکٹر کے ہمراہ دفتر انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں ضلع کے مقامات چیگنٹہ اور توپران پر پرجا پالنا پروگرام میں شرکت کی۔ اس طرح انہوں نے میدک آمد سے قبل نرساپور کے رستم پیٹ میں بھی رکن اسمبلی نرساپور سبیتا لکیشما ریڈی کے ہمراہ پرجا پالنا میں شرکت کی۔
