عوامی مسائل سے واقفیت کیلئے وزیر ٹرانسپورٹ کا انوکھا اقدام

   

کھمم میں مسٹر پی اجئے کمار کا سیکل پر دورہ، مختلف علاقوں کا جائزہ

حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمار نے آج ایک انوکھا اقدام کرتے ہوئے مقامی عوام کو درپیش مختلف مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے کھمم شہر میں سیکل پر دورہ کیا ۔ وزیر موصوف نے میونسپل کونسل آفس کھمم سے اپنے دورہ کا سیکل کے ذریعہ آغاز کیا ۔ انہوں نے سب سے پہلے قصبہ بازار ، چرچ کمپاؤنڈ ، سرینواس نگر ، پرکاش نگر ، بوس مجسمہ سنٹر، مرچ مارکٹ ، پمپنگ ویل روڈ ، کنیراسائی ، سرکل ، گاندھی چوک ، گولڈ کامپلکس ، کمان بازار گیٹ ، اسٹیشن روڈ سے ہوتے ہوئے دوبارہ میونسپل کونسل آفس واپس ہوئے ۔ مسٹر پی اجئے کمار وزیر ٹرانسپورٹ نے آج اپنے سیکلی دورہ پروگرام کے دوران مذکورہ مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عوام سے راست ملاقات کر کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور پائے جانے والے مسائل کے مقامات پر پہونچ کر ان مسائل کی برسر موقع یکسوئی کرنے کی متعلقہ عہدیداران بلدیہ کو ضروری ہدایات دیں۔ بعد ازاں وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر اجئے کمار نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ کھمم ٹاؤن میں پائے جانے والے مختلف مسائل کی فوری طور پر یکسوئی کی جاسکے جبکہ صحت و صفائی کا مسئلہ روز مرہ کا عمل ہے اور ہر روز صفائی عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔ اس کے باوجود صحت و صفائی کے معاملہ میں کوئی مسائل پائے جانے کی صورت میں مزید ضروری اقدامات کرنے کا وزیر موصوف نے تیقن دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کھمم کو ریاست بھر میں ایک منفرد مثالی شناخت والے شہر میں تبدیل کرنے کیلئے وہ کوشاں ہیں۔ وزیر موصوف نے اپنے سیکلی دورہ کے موقع پر بعض مقامات پر ٹھہر کر عہدیداروں کو برسر موقع ضروری ہدایات دیں۔ مسٹر اجئے کمار نے مزید بتایا کہ آئندہ دنوں کے دوران متحدہ ضلع کھمم میں پائی جانے والی تمام بلدی کونسل کے حدود میں اسی طرح سیکل پر دورہ کر کے وہاں پائے جانے والے مسائل کی یکسوئی کیلئے بھی موثر اقدامات کریں گے ۔ وزیر موصوف کے سیکل پر دورہ کے موقع پر بلدی عہدیدار بھی موجود تھے۔