عوامی مسائل کے حل کیلئے تلنگانہ میں 6 ماہ تک پد یاترا کا اعلان

   

Ferty9 Clinic


مرکز کو کے سی آر پر بھروسہ نہیں، بی جے پی کے صدر بی سنجے کا بیان
حیدرآباد: بی جے پی کے ریاستی صدر بی سنجے نے اعلان کیا کہ عوامی مسائل پر 6 ماہ سے ایک سال تک وہ ریاست بھر میں پد یاترا کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنجے نے کہا کہ چیف منسٹر کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی عوامی مسائل پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ 2023 ء میں بی جے پی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مرکز کی این ڈی اے حکومت میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق ریاستی وزراء کو گمراہ کر رہے ہیں۔ بی جے پی کے قومی قائدین کے سی آر پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ مرکز کے سی آر کی باتوں پر بھروسہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی ٹھان لیں تو ٹی آر ایس خالی ہوجائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر کسی کو بی جے پی میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔ سنجے نے بتایا کہ 22 جنوری سے 10 فروری تک رام مندر کی تعمیر کیلئے ہندوؤں میں مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر سیاسی لو جہاد کر رہے ہیں اور کوئی بھی یکطرفہ لو کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آر سی اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے بارے میں کے سی آر واضح اعلان کرنے کے بجائے میڈیا کے ذریعہ لیک جاری کر رہے ہیں۔ بی جے پی نے سرکاری ملازمین ، پنشنرس اور بیروزگاروں کے حقوق کے لئے جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملازمین کی تنظیموں کے قائدین کو چیف منسٹر سے بات چیت کی تفصیلات عوام کے درمیان پیش کرنا چاہئے ۔ حکومت کو واضح کرنا ہوگا کہ پی آر سی کا اعلان کب ہوگا۔ کے سی آر حکومت ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ نہیں ہے۔ بی سنجے نے تلنگانہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے عہدوں پر تقررات کا مطالبہ کیا ۔