عثمانیہ یونیورسٹی میں ورکشاپ سے گورنر کا خطاب
حیدرآباد ۔13 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے تمام شعبہ جات اور ہر سطح پر جامع ترقی کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ بہتر حکمرانی کے ذریعہ دیرپا اور مستقل ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر آج عثمانیہ یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف انکلوزیو گورننس حیدرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔ گورنر نے کہا کہ ہندوستان میں نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اور صلاحیتوں کے بہتر استعمال کے ذریعہ ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہر کسی کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہئے ۔ انہوں نے ہندوستانی تاریخ کے ضمن میں بہتر ریسرچ کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہر سطح پر مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسائل کو حل کریں۔ ادارہ کے صدر پی مرلی منوہر، جنرل سکریٹری سرینواس ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ ورکشاپ میں ملک بھر سے 200 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ ر