حیدرآباد 20 مارچ ( سیاست نیوز ) گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خود کو کورونا وائرس سے بچائیں ۔ عوام احتیاط برتیں لیکن خوفزدہ نہ ہوں۔ انہوں نے آج عوام میںشعور بیدار کرنے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور عوام سے کہا کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اگر سینیٹائرزر دستیاب نہ بھی ہوں تو صرف صاف پانی اور صابن کا استعمال بھی کافی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط ضروری ہے لیکن خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ گورنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات اتنے شدید ہیں کہ ریاست کا ہر شہری محفوظ ہے ۔ عوام میں شعور بیدار کرنے پر انہوں نے میڈیا اور سوشیل میڈیا کے رول کی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر سے بھی عوام میں اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ حالانکہ صرف ہندوستان نہیں بلکہ ساری دنیا میں صورتحال تشویشناک ضرور بنی ہوئی ہے ۔