عوام ملک چلاتے ہیں، فرد ِواحد نہیں ، وزیراعظم کے خیال پر ردعمل

,

   

پنجاب کے ضلع فرید کوٹ کے مقام برگری میں کانگریس کے انتخابی جلسہ عام سے صدر کانگریس راہول گاندھی کا خطاب
برگری (پنجاب) ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت عوام ہی ملک کا انتظام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی سابق وزیراعظم منموہن جی کا ’’مذاق‘‘ اڑایا کرتے تھے لیکن آج وہ ان کا مذاق نہیں اڑاتے کیونکہ پورا ملک ان کا ’’مذاق‘‘ اڑا رہا ہے۔ کانگریس امیدوار محمد صادق کی تائید میں فرید کوٹ کے علاقہ برگری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2015ء میں بے حرمتی میں ملوث خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کا تیقن دیتے ہوئے انہوں نے کہا مذہبی صحیفوں کی بے حرمتی نہیں کی جاسکتی۔ منگل کو کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بھٹنڈا میں بی جے پی کی حلیف ایس اے ڈی پر بے حرمتی کے مسئلہ پر تنقید کی تھی۔ آج مودی پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ فردِ واحد ملک کا انتظام چلا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی ہیں جو ملک کا انتظام چلاتے ہیں۔ راہول گاندھی نے رافیل سودے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے مودی کو چیلنج کیا کہ وہ اس موضوع پر ان کے ساتھ برسرعام مباحثہ کریں۔ نوٹوں کی تنسیخ اور ’’گبر سنگھ ٹیکس‘‘ (جی ایس ٹی) کے نفاذ پر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دو اقدامات کی وجہ سے ملک کی معیشت پٹری سے اُتر گئی اور لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے۔ انہوں نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کروانے کے ان کے وعدے کا کیا ہوا، اس کے بجائے انہوں نے لاکھوں افراد کو بیروزگار کردیا۔