عوام میں غذائی پیاکٹس اور چاول کی تقسیم پر امتناع !

   

سماجی فاصلہ کا اصول پامال ہو رہا ہے ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن کی منطق

حیدرآباد۔3اپریل(آئی این این ) ایک حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے رضاکارانہ تنظیموں یا افراد کی جانب سے عوام میںراست غذا ‘ چاول یا دوسری اشیا کی تقسیم پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف سماجی تنظیموں اور مخیر افراد کی جانب سے عوام میں مختلف مقامات پر چاول یا غذائی پیاکٹس وغیرہ کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ بی رام موہن نے کہا کہ تقسیم کے اس عمل کے دوران بھاری تعداد میں لوگ جمع ہو رہے ہیں اور وہاں سماجی دوریوں کے اصولوں کی پابندی نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل ڈسٹنس کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں بہت اہمیت کا حامل ہے تاہم تقسیم کے ان مقامات پر ایسا نہیں ہو پا رہا ہے ۔ مئیر بی رام موہن نے کہا کہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ عوام ایسے موقعوں پر سماجی دوریوں کو برقرار نہیں رکھ پا رہے ہیں اور بھاری تعداد میں عوام کے جمع ہوجانے کی وجہ سے یہاں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سماجی دوریاں یا فاصلے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ عوام کو ایک مخصوص مقام پر بھاری تعداد میں جمع ہونے سے روکنے کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک مرکوزیت والی اسپیشل ونگ اڈیشنل کمشنر پرینکا کی قیادت میں قائم کی گئی ہے جو عطیہ دہندگان سے راست یہ غذا اور دوسری اشیا حاصل کرے گی اور اسے ضرورت مندوں میں تقسیم کردیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کیلئے 10 موبائیل ویانس کا انتظام کیا جاچکا ہے ۔ مئیر حیدرآباد نے عطیہ دہندگان سے اپیل کی کہ وہ فون نمبرات 9493120244 یا 7093906449
پر رابطہ کرنے یا ٹوئیٹر

@PDUCD_GHMC
پر رابطہ کریں تاکہ موبائیل ویانس ان سے یہ اشیا حاصل کرکے ایک منظم انداز میں ضرورتمندوںم یں تقسیم کرسکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جو لوگ ماسکس تقسیم کرنا چاہتے ہیں یا پھر تارکین وطن مزدوروں میں غذا یا دوسری اشیا تقسیم کرنا چاہتے ہیں وہ بھی ان فون نمبرات پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ مئیر نے کہا کہ جو لوگ عوام میں راست غذائی پیاکٹس یا چاول وغیرہ تقسیم کرتے ہوئے پائے جائیں گے اس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی ۔