محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے جون سے نئے راشن کارڈ جاری ہونے کی افواہوں کو مسترد کردیا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : نئے راشن کارڈس جاری ہونے کے فی الوقت کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں ۔ حالیہ چند دنوں سے بی آر ایس قائدین کی جانب سے آئندہ انتخابات کے پیش نظر جون سے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کی سوشیل میڈیا میں تشہیری مہم چلا رہے ہیں جس سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا عوام کی جانب سے بڑی بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے ۔ تاہم محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں سے جب اس سلسلہ میں معلومات کیا گیا تو پتہ چلا ہے کہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کی کوئی تجویز نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کی جانب سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے کوئی ہدایت وصول ہوئی ہے ۔ ریاست کی آبادی کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلا ہے کہ پہلے سے خاندانوں سے زیادہ راشن کارڈس موجود ہیں ۔ مختلف سروے میں اس کا انکشاف ہوا ہے ۔ حکومت نے پہلے نا اہل افراد کے راشن کارڈ منسوخ کرنے پر غور کیا تھا پھر عوامی مخالفت ہونے کے ڈر سے اپنی تیار کردہ تجویز سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات سے قبل نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے عوام سے درخواستیں طلب کی گئی تھی ۔ تقریبا 9 لاکھ لوگوں نے درخواستیں داخل کی تھی ۔ ان درخواستوں کی جانچ کے بعد حکومت نے 2021 تک کئی مراحل میں 3.11 لاکھ راشن کارڈس جاری کیا تھا جس کے بعد نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا عمل روک دیا گیا ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ عہدیداروں کی جانب سے راشن کارڈ میں موجود خاندان کے کسی فرد کا انتقال ہوجانے پر ان کا نام راشن کارڈس سے خارج کردیا جارہا ہے ۔ مگر پیدا ہونے والے بچوں کے ناموں کو راشن کارڈس میں شامل نہیں کیا جارہا ہے ۔ راشن کارڈس میں کسی بھی تبدیلی کے لیے ایف ایس سی آر ایم کی ویب سائیٹ میں درخواست پیش کرنے پر ابھی تک اس کی کوئی یکسوئی نہیں ہوئی ہے ۔ ریاست کے 33 اضلاع میں فی الحال 90,14,263 لاکھ فوڈ سیکوریٹی کارڈس ہیں اور ان کارڈس میں خاندان کے ارکان کی تعداد 2.83 کروڑ ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ریاست کی دو تہائی آبادی ان میں شامل ہیں ۔ راشن کارڈس میں نیشنل فوڈ سیکوریٹی ایکٹ ( این ایف ایس اے ) کے تحت 48.86 لاکھ کارڈ ، انیتودیا انایوجنا اسکیم ( اے اے وائی ) کے تحت 5.62 لاکھ کارڈس ہیں ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے فوڈ سیکوریٹی کارڈس ( ایف ایس سی ) کی مکمل سبسیڈی 35.66 لاکھ ہے ۔ اس میں 5,211 اناپورنا اسکیم کے تحت استعمال میں ہیں ۔ اناپورنا اسکیم کے تحت فی کارڈ 10 کلو مفت چاول تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ اے اے وائی اور انا پورنا کو چھوڑ کر حکومت 6 روپئے کے حساب سے خاندان کے ہر فرد کو 6 کلو چاول فراہم کرتی ہے ۔ کورونا بحران کے بعد 2021 سے چاول مفت تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ اس طرح ریاست کے غربا میں ماہانہ 1.80 لاکھ ٹن چاول تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے ماہ جون سے نئے راشن کارڈس کی تقسیم سے متعلق مہم کو مسترد کردیا ہے ۔۔ ن