عوام پر زیادتی اور لاٹھی کا استعمال ترک کرنے وزیر داخلہ محمود علی کی ہدایت

,

   

کمشنر اور ڈپٹی کمشنران کے ساتھ جائزہ اجلاس ، پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کرنے عہدیداروں کو مشورہ، عوامی غلط فہمی دور کرنے محمود علی پولیس اسٹیشنوں کا معائنہ کریں گے
حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل(سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کمشنر پولیس حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنران پولیس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور لاک ڈاؤن کے دوران پولیس زیادتی کے واقعات کی روک تھام کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے لاٹھی کا استعمال حکومت کی نیک نامی متاثر کرسکتا ہے۔ محمود علی نے ڈپٹی کمشنرس کو مشورہ دیا کہ وہ وقتاً فوقتاً پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے ملازمین اور عہدیداروں کو فرینڈلی پولیسنگ سے واقف کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی مختلف پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ محمود علی نے کہا کہ کل گولکنڈہ اور میر چوک پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں پیش آئے واقعات افسوسناک ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر لاٹھی کے استعمال اور دو نوجوانوں کو زخمی کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر پولیس اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرس کو لاک ڈاؤن کے دوران عوام کے ساتھ بہتر سلوک پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون پر عمل آوری کیلئے لاٹھی کا استعمال ضروری نہیں ہے بلکہ عوام کو محبت اور خلوص کے ساتھ سمجھایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے عوام کو حکومت کی جانب سے سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

چند ملازمین پولیس کے رویہ سے محکمہ پولیس کو شرمندگی کا سامنا ہے ۔ جائزہ اجلاس میں کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار ، ڈپٹی کمشنر سنٹرل زون وشوا پرساد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ زون سید رفیق ، ڈپٹی کمشنر نارتھ زون کلمیشور ، ڈپٹی کمشنر ویسٹ زون اے آر سرینواس اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ زون رمیش ریڈی شریک تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تلنگانہ بھر میں پولیس کی کارکردگی کی ستائش کی جارہی ہے ۔ ملک بھر میں تلنگانہ پولیس کی فرینڈلی پولیسنگ شہرت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ 10 ہزار ملازمین پولیس مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں، چند ماتحت ملازمین کے غیر ذمہ دارانہ رویہ سے پولیس اور حکومت کا امیج متاثر ہوا ہے ۔ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے سخت قدم اٹھانے چاہئے ۔ ہر پولیس اسٹیشن میں عہدیداروں اور ملازمین کو بہتر سلوک کی تربیت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے 99.9 فیصد افسران بخوبی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صرف 0.1 فیصد کی وجہ سے پولیس ڈپارٹمنٹ کو شرمسار ہونا پڑا۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فکرمند ہیں۔ ان کی دور اندیشی اور تدبر کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا وائرس پر قابو پایا جارہا ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ وہ خود بھی پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کریں گے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک میں اپنے گھروں میں عبادت کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں ۔ حکومت اور پولیس سے مکمل تعاون کریں۔