سائبر دھوکہ بازوں سے چوکسی ضروری ، بینک تفصیلات کسی کو نہ بتانے پولیس کا زور
حیدرآباد۔ عوام کو بے وقوف بنانا اور دھوکہ دہی کے ذریعہ ان کی دولت لوٹنے والی ٹولی اب جھارکھنڈ میں سرگرم ہے اور اس ٹولی کی جانب سے آن لائن دھوکہ دہی کے ذریعہ عوام کی محنت کی کمائی کو ہڑپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سائبر دھوکہ دہی کے واقعات میں بتدریج ہو رہے اضافہ کو روکنے کے لئے سائبر کرائم کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور شعور بیداری مہم کے باوجود شہریوں کو ٹھگنے کی نئی نئی سازشیں تیار کی جا رہی ہیں۔پولیس کو موصول ہونے والی شکایت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گوگل پر کئی کورئیر کمپنیوں کے نام سے اپنے موبائیل نمبر ڈالتے ہوئے دھوکہ بازوں نے بینک کھاتوں کی تفصیلات حاصل کرنے کا نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس طرح کا طریقہ کار پہلی مرتبہ اختیارنہیں کیا گیا ہے بلکہ سابق میں بھی اس طرح کی شکایات موصول ہوچکی ہیں۔ کورئیر کمپنیوں کے نام سے اپنے نمبر گوگل پر اپ لوڈ کرنے والے دھوکہ بازوں نے سازش تیار کی ہے اس کے مطابق اگر کسی کو پارسل موصول نہ ہو اور وہ اس کورئیر کمپنی کا نمبر تلاش کرتے ہوئے گوگل پر پہنچے اور اسے ان میں کسی دھوکہ باز کا نمبر موصول ہو تو وہ ان سے رابطہ میں آجاتا ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرواتا ہے کہ وہ پارسل جلد از جلد پہنچانے کی کوشش کرے گا اور جب پارسل پہنچ جاتا ہے تو وہ دوبارہ رابطہ پیدا کرتے ہوئے 10یا20 روپئے اضافہ طلب کرتے ہیں اور اس کیلئے ایک لنک روانہ کرتے ہیں جس پر ادائیگی کیلئے اگر تفصیلات درج کی جاتی ہیں تو یہ تفصیلات یہ ٹھگ حاصل کرلیتے ہیں جو جھارکھنڈ میں موجود ہیں اور ریاست جھارکھنڈ سے اپنے گروہ کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کورئیر سروس کے پرائم رکن کی حیثیت سے اپنا نام درج کروانے کیلئے کئے جانے والے اس اقدام کے سبب شہری یہ تصور کرتے ہیں کہ ان کے پارسل کی خدمات جلد حاصل ہوجائیں گی اور وہ اس دھوکہ دہی کا شکار ہونے کے بعد جب ان کے بینک کھاتوں سے رقومات غائب ہونے لگتی ہیں تو انہیں اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوچکے ہوتے ہیں۔ پولیس نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے سے محفوظ رہنے کیلئے کسی بھی لنک یا ایپلیکیشن پر اپنے بینک کی تفصیلات درج نہ کریں کیونکہ کسی کو بھی آپ کے بینک کی تفصیلات حاصل کرنے کا حق حاصل نہیں ہے حتی کہ بینک بھی فون یا ایس ایم ایس کے ذریعہ آپ کے کارڈ یا بینک کھاتہ کی تفصیلات طلب نہیں کرتا بلکہ اگر اسے اس کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ آپ کو بینک طلب کرتا ہے۔