ممبئی ، 12 مئی (یو این آئی) مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے عوام کو اخراجات کم کرنے کی دی گئی اپیل پر سخت تنقید کی ہے ۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ جب سیاسی قائدین خود بڑے بڑے قافلوں، روڈ شوز اور غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں تو پھر عام لوگوں کو سونا خریدنے ، گھومنے پھرنے اور پٹرول پر خرچ کم کرنے کا مشورہ کیوں دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمتیں اس سے پہلے بھی 90 سے 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں، لیکن ماضی کی حکومتوں نے اس کا بوجھ براہ راست عوام پر نہیں ڈالا تھا۔ راج ٹھاکرے نے حکومت پر دوہرے رویے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ریوڑی کلچر پر تنقید کی جاتی ہے جبکہ دوسری طرف انتخابات جیتنے کے لیے عوامی مقبولیت حاصل کرنے والی اسکیموں پر بے دریغ خرچ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی روپیہ مسلسل کمزور ہو رہا ہے ، غیر ملکی سرمایہ کار ملک چھوڑ رہے ہیں اور ریزرو بینک آف انڈیا کے تین گورنر استعفیٰ دے چکے ہیں۔