عوام کے تعاون کے ذریعہ ہی کورونا وائرس سے مقابلہ ممکن: جگدیش ریڈی

   

حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت کے لاک ڈائون پر عمل آوری کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ عوام کی شراکت اور حصہ داری کے ذریعہ ہی وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی کے تحفظ اور وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومت کو بعض سخت گیر قدم اٹھانے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے اور حکومت کی سطح پر عوام تک پہنچانے کے لیے کے سی آر اہم فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاپرواہی کی صورت میں وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ برقرار رہے گا۔ مرکز اور ریاستی حکومت کی ہدایات اور پابندیوں پر عوام کو سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ حکومت نے ہنگامی حالات سے متعلق 1897ء ایکٹ کے تحت تحدیدات عائد کی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحدیدات عوام کی بھلائی کے لیے ہیں اور اگر خلاف ورزی کی جائے تو صورتحال بگڑسکتی ہے۔ عوام کو حکومت کے اعلان کا انتظار کئے بغیر اپنے آپ کو گھر تک محدود کرلینا چاہئے۔