عوام کے جذبات کے مدنظر ترنمول میں آئی:سشمتا

   

نئی دہلی: کانگریس کی سابق رکن پارلیمان سشمیتا دیو نے کہا کہ کانگریس چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ انہوں نے عوامی جذبات کے مدنظر کیا ہے لیکن کانگریس پارٹی سے انہیں کوئی شکایت نہیں ہے ۔منگل کو یہاں ترنمول کے راجیہ سبھا رکن اور ترجمان ڈیرک او برائن کی موجودگی میں محترمہ دیو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ ذاتی اسباب سے نہیں تھا بلکہ عوام اور ملک کے تئیں ذمہ داری کی وجہ سے انہوں یہ قدم اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ میں نے بغیر کسی شرط ترنمول کانگریس کی رکنیت لی ہے ۔ میں اس پارٹی میں آئندہ 30-35برس تک کام کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے تنظیم کا کام کرنا اچھا لگتا ہے ۔ ممتا جی جو بھی ذمہ داری دیں گی وہ پوری خودسپردگی کے ساتھ ادا کروں گی۔محترمہ دیونے کہاکہ ترنمول کانگریس سپریمو اور وزیراعلی ممتا بنرجی سے میرے کنبہ چالیس برسوں سے تعلق ہے ۔ محترمہ بنرجی نے عوامی مفادات سے منسلک کام اور ملک کی ترقی کے تئیں ان کے نظریہ کو سب نے دیکھا ہے ۔ انہوں نے مغربی بنگال میں بہترین انتظامیہ دکھائی ہے ۔ پارٹی کا مستقبل روشن ہے اور محترمہ بنرجی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی جوڑی رنگ لائے گی۔