عہدیداران کو اپنے فرائض احتیاط سے نبھانے کی ہدایت

   

گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کی تیاریاں مکمل ، ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ کا بیان

محبوب نگر : گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر کے گورنمنٹ جونیئر کالج بوائز کے وسیع و عریض میدان میں الیکشن مٹیریل تقسیم مرکز کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی کوئی غفلت اور غلطی نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے سیکٹوریل اور زونل عہدیداروں کو سختی سے پابند کیا کہ پُرامن انتخابات کے انعقاد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ہوئے انتخابات میں سیاسی جماعتیں گہری دلچسپی لیتی تھیں لیکن اب کے انتخابات مختلف ہیں ۔ لہذا اپنے فرائض چوکسی اور احتیاط سے نبھائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے بعد بیالٹ باکس کو سرور نگر انڈور اسٹیڈیم حیدرآباد ( رائے شماری ) مرکز کو روانہ کیا جارہا ہے ۔ بیالیٹ باکس جس گاڑی میں روانہ کئے جائیں گے اس گاڑی پر نظر رکھنے کیلئے الیکشن کمیشن نے (E)ایپ متعارف کروایا ہے ۔ متعلقہ اسٹاف اس ایپ کو اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کرلیں تاکہ گاڑی کی نقل و حرکت سے واقف ہوسکیں ۔ آج 14 مارچ کو ہورہے انتخابات کے رائے دہی کا فیصد ہر 2 گھنٹہ میں ضلع کوارٹر کو واقف کروائیں ۔ پولنگ کے اختتام کے فوری بعد رپورٹ کریں ۔ ایم ایل سی انتخابات کیلئے 18 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ تمام مراکز پر ویڈیو گرافی ہوگی ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں ریونیو عہدیداروں سے رجوع ہوکر دفعہ 144 نافذ کریں ۔ پولنگ مرکز کے 200 میٹر کے حدود میں کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہونا چاہیئے ۔ پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا ہے ۔ پریسائیڈنگ آفیسر ضرور ڈائری تحریر کریں ۔ بیالیٹ باکس اور قفل کی کنجیاں ایک کور میں محفوظ رکھیں ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے روٹ وائز الیکشن مٹیریل کی تقسیم کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے سیتاراما راؤ ، ایڈیشنل کلکٹر تیجس نندلال پوار ، ڈی آر او سورنا لتا ، سیکٹوریل آفیسرز ، زونل و دیگر اسٹاف موجود تھا ۔