عیدالفطر کے موقع پر کووڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ

   

کورونا سے نجات کے لئے خصوصی دعا کی اپیل ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد: صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور اپیل کی ہے کہ ریاست سے کورونا کے خاتمہ کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ تک روزے، نمازوں اور تراویح کے اہتمام کے ذریعہ ہر گھر میں ایمانی اور روحانی ماحول پیدا ہوچکا ہے ۔ ماہِ رمضان کے دوران نیکیوں اور عبادتوں کی ترغیب ہوتی ہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ رمضان المبارک کے بعد بھی دینی ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے عبادتوں اور نیکیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ صرف ایک ماہ کی عبادتیں اور روزوں کا اہتمام دراصل مسلمانوں کے تزکیہ نفس کی تربیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے اور ملک کے موجودہ حالات میں ہر کسی کو ضرورت مند ، غریبوں اور مستحق خاندانوں کی بڑھ چڑھ کر امداد کرنی چاہئے ۔ کورونا وباء کا حوالہ دیتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ کے سی آر حکومت کے بروقت اقدامات کے نتیجہ میں کیسیس کی صورتحال قابو میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں نے کووڈ قواعد پر عمل کیا تھا اسی طرح عیدالفطر کے موقع پر تحدیدات کی پابندی کی جائے ۔ ماسک کے استعمال کو لازمی کرتے ہوئے نماز میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ عیدالفطر کی خصوصی دعاؤں میں تلنگانہ کی ترقی ، امن و امان ، گنگا جمنی تہذیب کے فروغ اور کورونا وائرس سے نجات کے لئے بارگاہِ الٰہی سے رجوع ہوں ۔