عیدکے پیش نظر کشمیر کے بازاروں میں گہماگہمی

   

سری نگر: عیدالفطر کے پیش نظر سری نگر سمیت وادی کشمیر کے تمام ضلع صدور و قصبہ جات کے بازاروں میں ہفتے کو گہماگہمی بڑھ گئی اور لوگوں کو مختلف چیزوں خاص کر اشیائے خورد ونوش اور کپڑوں وغیرہ کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔لوگوں کا الزام ہے کہ بازاروں میں مہنگائی بام عرج پر ہے خاص کر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تاہم بازاروں میں نرخ ناموں پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لئے مارکیٹ چیکنگ اسکاڈ بھی متحرک ہیں۔ میڈیا نمائندوں نے ہفتے کو سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ بازاروں میں گہما گہمی کے بیچ لوگ مختلف چیزوں خاص کر اشیائے خوردنی اور ملبوسات کی خریداری میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیکری، ریڈی میڈ ملبوسات دکانوں، مرغ وگوشت فروشوں کے دکانوں کے سامنے لوگوں کی کچھ زیادہ ہی بھیڑ نظر آ رہی ہے ۔اس کے علاوہ کرانہ ، پھل، سبزی کی دکانوں پر بھی لوگوں کو بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔وادی میں بھی عید سے کچھ روز قبل ہی لوگ عید کی تیاریوں میں لگ جاتے ہیں اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لئے بڑی تعداد میں بازاروں کا رخ کرتے ہیں اور عید سے ایک دن قبل وادی کے اطراف و اکناف کے بازاروں میں لوگ کا سیلاب امڈ آتا ہے ۔