لاک ڈاؤن میں عید کی خوشیوں سے محرومی کا احساس نہ ہونے مخیر حضرات کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) شہر میں اب تک غرباء میں راشن کٹس اور غذائی پیاکٹس کی تقسیم کے ذریعہ شہریوں کی جانب سے مستحقین اور غرباء کی مدد کی جا رہی تھی لیکن اب جیسے جیسے عید الفطر قریب آرہی ہے تو مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کی جانب سے عید کی خوشیوں میں غریبوں اور مستحقین کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے اور ان مشکل حالات کے دوران بھی عید کی خوشیوں سے محرومی کا احساس کسی کو نہ ہو اس کیلئے شیر خورمہ کٹس کی تیاری عمل میں لائی جانے لگی ہے تاکہ غریب و مستحق شہریوں کو لاک ڈاؤن کے درمیان منائی جانے والی عید کے دوران بھی شیر خورمہ حاصل ہوجائے اور وہ عید کی خوشیاں مناسکیں ۔لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے شہر حیدرآباد کے علاوہ کئی مقامات پر سرکردہ شہریوں اور اداروں کی جانب سے کروڑہا روپئے مالیت کے راشن کی تقسیم عمل میں لائی جاچکی ہے اور گذشتہ 50دنوں سے راشن اور غذائی پیاکٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی کئی مقامات پرراشن کٹس کی تقسیم کے سلسلہ میں لوگ خاموشی سے خدمت انجام دے رہے ہیںلیکن اب جبکہ 10 رمضان المبارک گذر چکا ہے تو متفکر شہریوں کو غریب عوام کی عید کی فکر ستانے لگی ہے اور وہ اب ان کی عید کے سامان کیلئے کوشاں ہیں اور شہر کے کئی علاقوں میں شیر خورمہ کٹس کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ لاک ڈاؤن کی عید میں بھی عید کی خوشیاں برقرار رہیں تاکہ غریب کو عید کی خوشیوں کی محرومی کا احساس نہ ہو بلکہ وہ ان مشکل حالات میں بھی کم از کم عید کے دن شیر خورمہ کے ساتھ عید منا سکیں ۔دونوں شہروں کے سلم علاقوں میں راشن پیاکٹس کی تقسیم کرنے والے ایک ادارہ کے ذمہ دار نے بتایا کہ راشن پیاکٹس کی تقسیم ایک بڑا عمل ہے لیکن عید کے لئے شیر خورمہ کٹس کی تقسیم و تیاری کوئی بڑا مشکل عمل نہیں ہے لیکن عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کا احساس دلانے میں یہ عمل کافی اہمیت رکھتا ہے اسی لئے راشن پیاکٹس کی تقسیم کے ساتھ ساتھ عید الفطر کے لئے شیرخورمہ کٹس کی تیاری کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس مرتبہ عید کے موقع پر ضرورتمندوں کی ضرورت کی تکمیل کے علاوہ عید کی خوشیوں کو بانٹنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور ان خوشیوں میں ان لوگوں کو بھی شامل کیا جائے گا جن لوگوں کو عید منانے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ موجودہ حالات میں ہر شخص مشکلات کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ کوئی کاروبار جاری نہیں ہے اور نہ ہی روزمرہ کے اساس پر اجرت حاصل کرنے والوں کے پاس کوئی ذرائع باقی رہ گئے ہیں اسی لئے اصحاب خیر اور رفاہی اداروں کی جانب سے راشن پیاکٹس کے ساتھ اب عید پیاکٹس کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ شیر خورمہ کے لئے تیار کی جانے والی کٹس میں شیر خورمہ میں استعمال ہونے والی اشیاء موجود رہیں گی اور یہ تقسیم کا کام انجام دینے والے اداروں اور شخصیتوں کا کہناہے کہ ہر شہری کی اب جو ضرورتیں ہیں انہیں پورا کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے لیکن اگر ہر شخص اپنے پڑوسی کا لحاظ کرلے توتمام کے مسائل کو حل کرنے اور ان کو عیدکی خوشیوں میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
