عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر گورنراور چیف منسٹر کاپیام

   

حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹرٹی سوندرا راجن نے عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہاکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات رواداری، اتحاد، بھائی چارہ اور عالمی اُخوت کا پیام دیتی ہیں۔ زندگی کے ہر شعبہ میں آپ ؐ کی تعلیمات آج بھی مشعل راہ ہیں۔ گورنر نے کہاکہ حضرت محمد ؐ کے مشن کی تکمیل اُسی وقت ممکن ہے جب ہم برادران وطن کے ساتھ اعتماد، ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُن کا خیال رکھیں۔ گورنر نے کہاکہ عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر ہمیں اتحاد، بھائی چارہ، امن اور عالمی برادری کی بھلائی اور خوشحالی کا عزم کرنا چاہئے۔ گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ میلادالنبی ؐ حقیقی جذبہ کے ساتھ منائی جائے گی۔چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے میلادالنبی ؐ کے مبارک و مسعود موقع پر اپنے پیام میں کہاکہ ہر انسان کو چاہئے کہ وہ پیغمبر اسلام کی محبت، بھائی چارگی پر مبنی عظیم الشان تعلیمات کو اپناتے ہوئے اُن پر عمل پیرا ہو۔ کئی وزراء اور قائدین نے بھی مسلمانوں کو عید میلادالنبی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
ر