غار حرا کیلئے کیبل کارکا منصوبہ ، رپورٹ متعلقہ وزارت کو پیش

,

   

ریاض ۔ مکہ مکرمہ میں جبل النورپر کیبل کار نصب کرنے کے منصوبے پر غور کیاجارہا ہے اس ضمن میں شہری منصوبہ بندی سے متعلق متعدد سرکاری اداروں کی جانب سے ترقیاتی پروگرام پر مشتمل رپورٹ متعلقہ وزارت کو پیش کی گئی ہے۔ سعودی عرب کے مقامی میڈیا کے مطابق مقدس دار الحکومت میں مختلف اسلامی تاریخی اہمیت کے حامل مقامات پر ترقیاتی امورسے متعلق کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا تھا کہ جبل النور اور جبل الثور پر آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے ترقیاتی کام کیے جائیں۔سفارشات کی روشنی میں مختلف حکومتی اداروں کی جانب سے تیار کی جانے والی جامع رپورٹ کی روشنی میں غارحرا کی پہاڑی پرکیبل کار نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ آنے والے زائرین کو غارحراجانے میں سہولت ہو۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جبل النور پر نصب کی جانے والی کیبل کار انتہائی جدید نوعیت کی ہوگی جس کے ذریعے زائرین غارحرا تک پہنچ سکیں گے۔منصوبے کے مطابق النور پہاڑ پر کیبل کار غار حرا سے کچھ پہلے بنے پلیٹ فارم تک زائرین کو لائے گی جس کے بعد کی مسافت پیدل طے کی جائے گی۔واضح رہے جبل النور وہ پہاڑی ہے جس کی چوٹی پر غارحرا واقع ہے جہاں سے نورنبوتﷺ کا آغاز ہوا اور نبی اکرم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی۔جبل النور مسجد الحرم کے شمال مشرقی سمت واقع ہے۔ اس کی بلندی 642 میٹر ہے۔ غار حرا پہاڑی کی چوٹی پر واقع ہے جہاں سے مکہ مکرمہ شہرکا خوبصورت منظر دکھائی دیتا ہے۔ النور پہاڑی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں اپنی نوعیت کی واحد پہاڑی ہے جو اپنی منفرد ساخت کی وجہ سے دور سے ہی پہچانی جاتی ہے۔کچھ عرصہ قبل بلدیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر غار حرا کی صفائی اور تزئین کا کام مکمل کیا گیا۔ پتھروں پر تحریر کی گئی عبارتوں کو بھی صاف کرتے ہوئے غار کی اصل صورت کو بحال کیا گیاتھا۔