زندگی میں توہین ، مرنے کے بعد سرکاری اعزاز ، جوپلی کرشنا راؤ کا الزام
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر پر انقلابی شاعر غدر کی توہین کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے کہا کہ غدر نے ان سے ملاقات کے دوران انکشاف کیا تھا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے دو سال سے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا ہے۔ غدر عوامی مسائل پر نمائندگی کے لئے کے سی آر سے ملاقات کے خواہاں تھے۔ غدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے کہا کہ غدر کے انقلابی نغموں سے ان کی پدیاترا کا آغاز ہواہے۔ سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات اطمینان بخش ہیں لیکن غدر کو زندگی میں کے سی آر نے عزت اور توقیر نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیری رقم کو 5 لاکھ سے گھٹا کر 3 لاکھ کردیا گیا ہے۔ غریبوں کو 75 گز اور چیف منسٹر کے فارم ہاوز کیلئے ہزاروں ایکر اراضی کا فرق ہے۔ عوام مہنگائی اور دیگر مسائل کے سبب پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ بعد انتخابات میں عوام کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کردیں گے۔ ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے ساتھ ہی زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو کامیابی کیلئے دولت کے استعمال پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت سونیا گاندھی کو بطور تحفہ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے گروہا لکشمی اسکیم کی تاریخ میں مزید 15 دن کی توسیع اور امدادی رقم کو تین لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ کرنے کا مطالبہ کیا۔
