غربت کے خاتمہ پر حکومت کے کھوکھلے وعدے، ملک میں 14.96 فیصد غربت کی شرح

   

ریاستوں میں بہار اور جھارکھنڈ سرفہرست، جنوبی ہند کی ریاستوں میں غربت کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) غربت کے تذکرہ کے ساتھ ہی ہندوستان کے کئی اہم شہروں کے نام ذہن میں ابھر آتے ہیں جہاں غربت کے خاتمہ کیلئے حکومتوںکی سطح پر روز اقدامات کی کمی ہے۔ مرکز اور ریاستوں میں حکومت چاہے کسی پارٹی کی ہو لیکن انتخابات کے موقع پر غربت کے خاتمہ اور مہنگائی میں کمی کا وعدہ ضرور کیا جاتا ہے ۔ بی جے پی نے 2014 میں انتخابی مہم کے دوران ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے اور اندرون 100 دن مہنگائی میں کمی کا وعدہ کیا تھا، باوجود اس کے گزشتہ 12 برسوں میں ملک میں غربت کی شرح میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ مرکزی حکومت کے نزدیک غریب اور بیروزگار نوجوان محض ووٹ بینک کے سواء کچھ نہیں ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں غربت کی سطح کا سروے کیا گیا جس میں کئی اہم ریاستوں میں غربت کی شرح تشویشناک حد تک پائی گئی ہے۔ قومی سطح پر غربت کی شرح 14.96 فیصد درج کی گئی ہے اور ریاستوں میں یہ شرح الگ الگ ہے۔ بہار جس کا شمار بیمارو ریاستوں میں ہوتا ہے، وہاں غربت کی شرح 33.76 فیصد درج کی گئی جو ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں ریاستوں کی سطح پر غربت کی سطح کا اندازہ لگانے کے لئے بہار کے اعداد و شمار کے بغیر ہی اسے سرفہرست رکھا جاسکتا ہے۔ تعلیمی اور معاشی پسماندگی کے علاوہ بنیادی انفراسٹرکچر کے معاملہ میں بہار دیگر بڑی ریاستوں میں پسماندہ ہے ۔ غربت کے معاملہ میں جھارکھنڈ 28.81 فیصد کے ساتھ دوسرے اور میگھالیہ 27.79 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی ریاستوں میں غربت کی شرح کم درج کی گئی ہے۔ عوام کی خوشحالی کے معاملہ میں جنوبی ریاستوں میں کیرالا کا بہتر مظاہرہ رہا ہے جہاں غربت محض 0.55 فیصد درج کی گئی ہے۔ سروے کے ذریعہ ریاستوں میں غربت کے خاتمہ کے اقدامات کا بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اترپردیش میں غربت کی شرح 22.93 فیصد درج کی گئی جبکہ مدھیہ پردیش 20.63 ، راجستھان 15.31 ، گجرات 11.66 فیصد ، چھتیس گڑھ 16.37 فیصد ، اڈیشہ 15.68 فیصد اور مغربی بنگال میں 11.89 فیصد غربت کی شرح درج کی گئی۔ جنوبی ریاستوں میں تلنگانہ اور آندھراپردیش نے غربت کے خاتمہ کے معاملہ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ آندھراپردیش میں غربت کی شرح 6.06 فیصد درج کی گئی جبکہ تلنگانہ میں 5.88 فیصد درج کی گئی۔ 1/k/m/b