غریبوں میںاناج اور کھانے کی تقسیم پر مجلس بلدیہ کی پابندی

,

   

تمام عطیات بلدیہ کے حوالے کئے جائیں، میئر حیدرآباد رام موہن کی ہدایت
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز)گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے لاک ڈاؤن کے دوران این جی اوز اور انفرادی مخیر افراد کی جانب سے غذا، اور اناج کی تقسیم پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ تقسیم گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا اور تقسیم کے خواہاں این جی اوز اور افراد کو غذا اور دیگر اشیاء بلدیہ کے حوالے کرنے ہوں گے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ریاستی حکومت بے گھر افراد اور خاص طور پر دیگر ریاستوں کے ورکرس کو شیلٹر اور غذا فراہم کررہی ہے اور انہیں شہر کے مختلف مقامات پر تعمیر کردہ شیلٹرز اور نائیٹ شیلٹرز میں رکھا گیا ہے۔ اناپورنا اسکیم کے تحت روزانہ لنچ اور ڈِنر سربراہ کیا جارہا ہے۔ این جی اوز کی جانب سے دی گئی اشیاء بھی تقسیم کی جارہی ہے۔ مختلف سماجی تنظیموں اور افراد کی جانب سے چاول، غذائی پیاکٹس کی تقسیم مختلف علاقوں میں عمل میں آرہی ہے اور تقسیم کے دوران بڑی تعداد میں عوام جمع ہوجاتے ہیں اور سماجی فاصلہ پر توجہ نہیں دی جارہی ہے جو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے انتہائی اہم ہے۔ میئر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ عوام سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھ پارہے ہیں اور بڑے ہجوم کی صورت میں وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ ہجوم کو جمع ہونے سے روکنے کیلئے جی ایچ ایم سی نے ایڈیشنل کمشنر مس پرینکا کی قیادت میں سنٹرلائزڈ اسپیشل وِنگ قائم کیا ہے تاکہ عطیہ دہندگان سے غذا و دیگر اشیاء حاصل کئے جائیں۔