غریبوں کو مودی کے خطوط کی نہیں پیسوں کی ضرورت ہے :کانگریس

   

نئی دہلی۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ عالمی وبا سے بچاؤ کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک کی عام عوام کے ساتھ غریب، کسان، مزدور پریشان ہیں۔ اس وقت ملک کے غریبوں کو خط نہیں بلکہ ان کے کھاتوں میں پیسے چاہئے جس سے اپنی زندگی گذار سکیں۔کانگریس کے قومی ترجمان اکھلیش پرتاپ سنگھ نے ہفتہ کو ویڈیو بیان میں کہا’مودی جی ملک کی عوام کو خط دینے سے کام نہیں چلنے والا ہے ۔ خط سے پیٹ نہیں بھرتا۔ ملک کے ہر غریب کے کھاتے میں 10۔10ہزار روپئے بھجوائے ۔ سنگھ نے کہا کہ آج پورا ملک کورونا وبا سے پریشان ہے ۔ کروڑوں لوگوں کی نوکریاں جاچکی ہیں۔ لاکھوں لوگ بیمار ہوچکے ہیں۔کاروبار بند ہورہے ہیں۔ مودی حکومت کے ایک سال پورا ہونے پر لوگوں کو خط دے کر وزیر اعظم اپنی حکومت کی تعریف میں مشغول ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے غریبوں کو خط کی نہیں ان کے کھاتے میں دس دس ہزار روپئے بھیجنے کی ضرورت ہے ۔ مودی اپنی تعریف کبھی بھی کرسکتے ہیں۔