غریبوں کیلئے مفت راشن اسکیم میں نومبر تک توسیع

,

   

اَن لاک 2.0 کا آج سے آغاز
کورونا کے خلاف عوام کی غفلت و لاپرواہی پر اظہار تشویش
وزیراعظم نریندر مودی کا قوم سے خطاب

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج قوم سے اپنے چھٹے خطاب میں کہا کہ ہم اَن لاک ۔2 میں ایک ایسے موسم میں داخل ہورہے ہیں جس میں سردی ، کھانسی اور بخار وغیرہ بڑھ جاتے ہیں۔ میں آپ سب کی صحت کے لئے دعاگو ہوں اور آپ بھی اپنا خیال رکھیں۔وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اگر ہم کورونا سے ہونے والی اموات کا دوسرے ممالک سے موازنہ کریں تو ہم مستحکم حالت میں ہیں۔ بروقت لاک ڈاؤن اور دیگر فیصلوں نے ہندوستان میں لاکھوں افراد کی زندگیاں بچائیں۔ لیکن ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں جب سے ملک میں اَن لاک شروع ہوا ہے ، تب سے سماجی اور معاشرتی طور پر جس احتیاط کی ضرورت تھی، اس میں لاپرواہی برتی گئی۔ اَن لاک سے قبل ہم دو میٹر کی دوری ، ماسک کا استعمال اور دن میں کئی کئی بار ہاتھ دھونے جیسے احتیاطی اقدامات پر عمل پیرا تھے لیکن آج جب ہمیں زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے ہم لاپروا ہوگئے ہیں۔ یہ بات باعث تشویشناک ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاک ڈاؤن کھولتے وقت بہت سارے اصولوں پر عمل کرنا تھا جس پرہم نے عمل کیا ، اب ملک کے شہریوں کا فرض ہے کہ وہ بھی اسی طرح کی احتیاط برتیں اور اصولوں پر عمل کریں، بالخصوص وہ علاقے جو کنٹیمنٹ زون ہیں ، وہاں زیادہ توجہ دینے اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ایک ملک کے وزیراعظم کو صرف اس لئے13ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا کہ انہوں نے عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال نہیں کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر میں ایک اہم اعلان کررہا ہوں ، یہ کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت غریبوں کو مفت راشن کی اسکیم میں مزید پانچ مہینے کی توسیع کی گئی ہے ۔ اب یہ اسکیم نومبر تک ملک میں لاگو رہے گی۔ اس اسکیم کے تحت غریبوں کو پانچ کلو مفت گیہوں یا چاول اور ایک کلو چنا دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس اسکیم کو نومبر تک لاگو کرنے میں 90 ہزار کروڑ کا اضافی خرچ آئے گا۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جب سے یہ اسکیم شروع ہوئی ہے، تب سے نومبر تک اس میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ تک کا خرچ آئے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کورونا سے لڑتے ہوئے ہندوستان میں 80کروڑ سے زیادہ لوگوں کو تین مہینے کا راشن دیا گیا تھا نیز پچھلے تین مہینوں میں پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت غریبوں کے کھاتے میں پیسے بھی ڈالے گئے ۔ وزیراعظم کی تقریباً 17 منٹ کی تقریر سے اہم اعلانات کی اپوزیشن کو توقع تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔