غریبوں کے محسن عبدالصمد نواب کا انتقال

   

Ferty9 Clinic

عوامی قائد اور غریبوں کے خادم سے محرومی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ سیکریٹری، سینئر کانگریس رہنما اور ادارہ خادمان ملت کے سیکریٹری عبدالصمد نواب کا اچانک انتقال ہوگیا۔ منگل کی رات حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران انہوں نے آخری سانس لی۔ عبدالصمد نواب کی میت کریم نگر منتقل کی جارہی ہے اور اطلاعات کے مطابق بروز چہارشنبہ بعد ظہر تدفین خطہ صالحین مسجد افضل بیابانی بائی پاس روڈ کریم نگر میں ادا کیے جانے کا امکان ہے۔ مرحوم عبدالصمد نواب نے بائی پاس روڈ مسلم قبرستان کی سہولیات، مسجد افضل بیابانی کی تعمیر کے لیے انتھک محنت کی۔ کورونا وباء کے دوران وفات پانے والوں کے غسل اور تدفین کے انتظامات کے ساتھ ساتھ کئی ایک اہم سماجی خدمات انجام دیں۔ وقف املاک کے تحفظ کے لیے قائم وقف پروٹیکشن کمیٹی کے بانی اراکین میں وہ شامل تھے۔ متحدہ ضلع میں وقف املاک کے لئے متعدد تحریکیں چلائیں۔ بالخصوص انجمن ترقی اردو کے ذریعہ اردو کی ترقی و ترویج میں کئی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا۔ مسلمانوں کے سچے خادم اور اسلام کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مرکزی میلاد کمیٹی کے سیکریٹری کی حیثیت سے بھی انہوں نے اپنی منفرد انداز میں مختلف فلاحی اداروں کے ذریعے خدمات انجام دیں اور ایک مستقل مقام حاصل کیا۔ کریم نگر شہر اور متحدہ کریم نگر ضلع میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو عبدالصمد نواب سے واقف نہ ہو۔ انہوں نے ادارہ خادمان ملت کے نام سے ایک فلاحی تنظیم قائم کی، جس کے ذریعے صاحبِ حیثیت افراد سے عطیات حاصل کر کے غریب بیواؤں کی نشاندہی کی گئی اور انہیں ماہانہ پنشن فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ غریب مسلم خواتین کے لیے سلائی مشین مراکز قائم کر کے روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، ضرورت مندوں میں کمبل تقسیم کیے گئے، جیلوں میں سزا کاٹ رہے غریب قیدیوں کی رہائی میں مدد کی گئی اور ہاسپٹلس میں زیرِ علاج مریضوں کے طبی اخراجات برداشت کیے گئے۔یوں تو مرحوم نے بے شمار سماجی خدمات انجام دیں جن کا احاطہ الفاظ میں ممکن نہیں۔ سیاسی طور پر انہوں نے کانگریس پارٹی میں ایک عام کارکن سے ترقی کرتے ہوئے ٹی پی سی سی آرگنائزنگ سیکریٹری کے عہدے تک کا سفر طے کیا۔