ہنمنت راؤ کی سالگرہ، غریبوں اور معذوروں میں اناج کی تقسیم
حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا اور پردیش کانگریس کے سابق صدر وی ہنمنت راؤ کی سالگرہ کے موقع پر آج غریبوں کیلئے مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ ہنمنت راؤ کی قیامگاہ عنبر پیٹ پر پارٹی قائدین کی موجودگی میں کیک کاٹا گیا۔ انتہائی سادگی کے ساتھ ہنمنت راؤ نے سالگرہ منائی اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کیک یا گلپوشی کے بجائے اسی رقم کو غریبوں میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم پر خرچ کریں۔ کانگریس کے کئی قائدین نے ہنمنت راؤ کی قیامگاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کی۔ اے آئی سی سی اور پردیش کانگریس کے کئی قائدین نے فون پر سالگرہ کی مبارکباد دی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہنمنت راؤ کو سالگرہ کے موقع پر عوامی زندگی میں مزید سرگرم ہونے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں غریبوں کیلئے امدادی پروگرام منعقد کئے گئے۔ ہنمنت راؤ نے صبح میں اپنی قیامگاہ کے پاس صفائی کرمچاریوں اور دیگر غریبوں میں اناج تقسیم کیا۔ پردیش کانگریس کے سکریٹری سریکانت گوڑ نے معذوروں میں ہنمنت راؤ کے ہاتھوں بلانکٹس تقسیم کئے۔ پی سی کے ترجمان آر لکشمن یادو نے کاچی گوڑہ میٹرنٹی ہاسپٹل کے مریضوں میں بریڈ ، پھل اور ماسکس تقسیم کئے۔ یوتھ کانگریس کے ترجمان ایس پی کرانتی کمار نے ملک پیٹ میں معذوروں کے سرکاری اسکول میں ماسکس اور دیگر غذائی اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی۔
