نئی دہلی: حکومت نے ایسے غریب قیدیوں کیلئے ایک خصوصی اسکیم کے تحت 20 کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے جو جرمانے یا ضمانتی بانڈز ادا کرنے سے قاصر ہیں اور اب تک 12 ریاستوں نے اس کیلئے 22 لاکھ روپے سے زیادہ جمع کیے ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے سال 2023 میں ’’غریب قیدیوں کی مدد‘‘ اسکیم شروع کی تھی۔ اس اسکیم کو نافذ کرنے کیلئے جون 2023 میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے تفصیلی ’رہنما خطوط اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار‘ جاری کیے گئے تھے ۔ کمار نے کہا کہ مالی سال 2020-2025 کے تحت 20 کروڑ روپے کئے گئے تھے ۔اس کا مقصد غریب قیدیوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے جو جرمانہ ادا کرنے یا ضمانت پر رہائی کیلئے بانڈ جمع کرنے میں ناکامی کی وجہ سے جیل سے رہا نہیں ہو پاتے ۔ اس کیلئے سینٹرل نوڈل ایجنسی (سی این اے ) اکاؤنٹ کے ذریعہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو فنڈز دستیاب کرائے گئے تھے ۔