اداروں اور افراد سے عطیات کی اپیل، راج بھون میں خصوصی سیل کا قیام
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیم کے حصول میں ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے منفرد پہل کی ہے جس کے تحت استعمال کئے گئے لیاپ ٹاپ اور ٹیبلیٹ راج بھون میں بطور عطیہ وصول کرتے ہوئے غریب طلبہ میں تقسیم کئے جائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ غریب اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ آن لائن تعلیم سے محروم ہیں کیونکہ ان کے پاس لیاپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ جیسی سہولتیں میسر نہیں۔ یہ غریب طلبہ معاشی پسماندگی کے نتیجہ میں اپنے طور پر اسے حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ گورنر نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیوں اور عوام کے گھروں میں بڑی تعداد میں لیاپ ٹاپ اور ٹیبلیٹس کارکرد حالت میں موجود ہیں لیکن وہ گرد و غبار کا شکار ہیں۔ گورنر نے آئی ٹی کمپنیوں، کارپوریٹ اداروں، تنظیموں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ استعمال کردہ لیاپ ٹاپ اور ٹیبلیٹس منسلک اشیاء کے ساتھ جو بہتر حالت میں ہوں اور طویل عرصہ تک طلبہ کیلئے کام آسکتے ہوں انہیں راج بھون میں جمع کرائیں تاکہ غریب طلبہ کی آن لائن تعلیم ممکن ہوسکے۔ راج بھون میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے اور کے امرناتھ اسسٹنٹ سیکشن آفیسر کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا جن کا فون نمبر 9490000242 ہے۔ آئی ٹی کمپنیاں، کارپوریٹ ادارے اور عوام راج بھون کے ای میل [email protected] پر اپنی تفصیلات روانہ کرسکتے ہیں۔ تنظیم یا افراد کا نام، پتہ، رابطہ کا نمبر، موبائیل نمبر، لیاپ ٹاپ اور ٹیبلیٹس کی تعداد جنہیں بطور عطیہ پیش کرنا چاہتے ہیں وہ تمام تفصیلات پیش کی جائیں۔ غریب اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے ایسے طلبہ جنہیں لیاپ ٹاپس اور ٹیابلیٹس کی ضرورت ہے وہ اپنی درخواست راج بھون کے ای میل پر روانہ کرسکتے ہیں۔ طلبہ کو اپنے نام ، پتہ ، رابطہ نمبر، موبائیل نمبر، کلاس، کورس، کالج کا نام، کالج کا پتہ، کالج کا رابطہ نمبر اور کالج کے بونافائیڈ سرٹیفکیٹ کو اَپ لوڈ کرنا ہوگا۔ر
