غزنی اور ہرات کے بعد قندھار پر بھی طالبان کا قبضہ

   

کابل : طالبان نے افغانستان کے بڑے شہر قندھار پر بھی قبضہ کر لیا ہے جو حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔ ادھر امریکہ نے افغانستان میں تین ہزار فوجی دوبارہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بارہ اگست جمعرات کے روز طالبان نے بڑے ڈرامائی انداز میں افغانستان کے یکے بعد دیگرے کئی شہروں پر قبضہ کر لیا اور اس طرح اب وہ ملک کے 34 میں سے 12 دارالحکومتوں پر قابض ہو چکے ہیں۔ اس میں سب سے اہم قندھار ہے جو ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے۔گرچہ حکومت نے قندھار پر ابھی شکست تسلیم نہیں کی ہے تاہم آزاد ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق طالبان نے شہر کے تمام حکومتی مراکز اور عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس نے بعض عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ طالبان قندھار کے مرکز میں موجود ہیں اور شہر کی کئی عمارتوں پر اپنا پرچم بھی لہرا دیا ہے۔