غزہ جنگ بندی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط: بائیڈن

   

واشنگٹن: امریکی صدر نے غزہ جنگ بندی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط کردی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ حماس یرغمالیوں کو رہاکرتا ہے توکل ہی جنگ بندی ہوجائیگی اور اگر اسرائیل نے رفح پر چڑھائی کی تو اسے ہتھیار فراہم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل عام کیلئے توپ خانے اورگولہ بارود اسرائیل کو نہیں دیں گے۔جبالیہ کیمپ پر تازہ اسرائیلی بمباری سے جانی نقصان کے خدشات ہیں جب کہ اسرائیلی فوج نے رفح کے مشرقی اور وسطی علاقوں سے فلسطینیوں کو نکلنے کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ 3 لاکھ فلسطینیوں کا انخلا کرادیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رفح میں بڑا آپریشن روکنے کے لیے امریکا نے اسرائیل کو حماس رہنماؤں سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔یورپی یونین نے رفح سے جبری انخلا ناقابل برداشت قرار دے دیا جب کہ عرب ممالک نے غزہ پٹی کا انتظام سنبھالنیکی اسرائیلی تجویز مسترد کردی۔