تل ابیب : اسرائیل کا کہنا ہیکہ غزہ میں جنگ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جو مشکل ہوسکتی ہے۔اسرائیلی حکومتی ترجمان کے مطابق اسرائیل غزہ میں اپنی جنگ کے نئے مرحلے میں داخل ہورہا ہے جہاں وہ جنگ کو عسکری لحاظ سے مشکل تصور کررہا ہے تاہم اسرائیل حماس کو ختم کرنے کے اس مقصد میں شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے حوالے سے بھی کوشش کررہا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ پٹی پر حماس کے زیر انتظام علاقوں میں آپریشن شروع کردیا ہے جہاں شمالی علاقوں سے تقریباً 10 لاکھ پناہ گزینوں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ کے بعد غزہ کی سکیورٹی سنبھالنے کا اعلان کردیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حماس کے ساتھ جنگ ختم ہونے کے بعد اسرائیلی فوج ہی غزہ کی سکیورٹی کا کنٹرول جاری رکھے گی۔نیتن یاہو نے کسی غیر ملکی فورس کو یہ ذمہ داری سونپنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے بعد غزہ کاکنٹرول کسی بین الاقوامی فورس کو نہیں دیں گے، تنازع ختم ہونے کے بعد اسے ‘فوج کے بغیر ملک’ بنانا چاہیے۔