کینبرا : آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ نے غزہ میں فضائی حملے میں ایک آسٹریلوی شہری کی ہلاکت پر اسرائیل کی مذمت کی ہے ۔43 سالہ آسٹریلوی شہری لالجاومی جومی فرینک کام امدادی تنظیم کے ساتھ پانچ سال سے کام کر رہے تھے ۔محترمہ وونگ نے منگل کی شب جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ آسٹریلوی حکومت جومی کی موت کے لئے اسرائیل سے مکمل احتساب کی توقع کرتی ہے ، جو غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے ورلڈ سینٹرل کچن کے ساتھ کام کرتے ہوئے پیر کو ایک فضائی حملے میں مارے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امدادی کارکن کی موت قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے ۔ آسٹریلوی حکومت اس حملے کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ جومی کے خاندان کو مدد فراہم کر رہی ہے ۔وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے فون پر اس واقعے پر بات کرنے کی درخواست کی تھی۔وونگ نے چہارشنبہ کی صبح آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن ریڈیو پر کہا کہ انہیں امید ہے کہ نیتن یاہو البانیز سے بات کرنے کے لیے وقت نکالیں گے ۔