غزہ میں جنگ بندی، قاہر ہ میں اسرائیل ۔حماس مذاکرات کا احیاء

   

قاہرہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے مذاکرات اتوار کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔ میڈیاکے مطابق تقریباً چھ ماہ سے جاری جنگ کو روکنے کی یہ تازہ ترین کوشش ہوگی جس میں دونوں طرف کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اسرائیلی اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل اپنا ایک وفد قاہرہ بھیجے گا۔ تاہم حماس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان کا گروپ پہلے اسرائیل کے ساتھ اپنی گزشتہ بات چیت کے نتائج کے بارے میں قاہرہ کے ثالثوں سے جواب سننے کا منتظر ہے۔اسرائیل نے غزہ میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے زیر حراست 130 یرغمالیوں میں سے 40 کی مجوزہ رہائی کے بدلے میں فوجی کارروائی کو چھ ہفتے کے لیے معطل کرنے کی شرط رکھی ہے جبکہ حماس نے لڑائی کے خاتمے اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کو ضروری کہا ہے۔
اسرائیل نے اس شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ میں حماس کی حکمرانی اور فوجی صلاحیتوں کو ختم کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کرے گا۔ایک اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ ان کا ملک بے گھر ہونے والوں میں سے ’کچھ‘ کو واپس جانے کی اجازت دینے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔