غزہ میں 60روزہ جنگ بندی پر اسرائیل کے شرائط پر اتفاق کرنے ٹرمپ کا دعویٰ

,

   

واشنگٹن : 2جولائی ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر آمادہ ہو گیا ہے جبکہ دوسری جانب انہوں نے حماس کو خبردار کیا کہ وہ معاہدہ کو تسلیم کرے اس سے پہلے کے حالات مزید خراب ہو جائیں۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ اعلان ایسے موقع پر کیا ہے جب پیر کو وائٹ ہاؤس میں ان کی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات متوقع ہے ۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھ کہ ’میرے نمائندہ کی غزہ کے حوالے سے آج اسرائیلیوں کے ساتھ طویل اور سیر حاصل ملاقات ہوئی ہے۔ اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کے لیے ضروری شرائط پر اتفاق کیا ہے، اس دوران جنگ کو ختم کرنے کے لیے ہم تمام فریقین سے بات چیت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قطر اور مصر حتمی تجاویز پیش کریں گے۔میں امید کرتا ہوں کہ مشرق وسطیٰ کی بہتری کے لیے حماس اس معاہدہ کو قبول کرے گا کیونکہ (حالات) بہترنہیں ہوں گی، مزید بگڑیں گے۔اسرائیلی وزیر برائے سٹریٹیجک افیئرز ران ڈرمر غزہ جنگ بندی، ایران اور دیگر معاملات پر ٹرمپ انتظامیہ کے سینیئر عہدیداروں سے بات چیت کے لیے منگل کو واشنگٹن میں موجود تھے۔ران ڈرمر کی نائب صدر جے ڈی وانس، سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی مشیر سٹیو وٹکاف سے بھی ملاقات متوقع تھی۔یہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب منگل کو ہی 150 سے زیادہ بین الاقوامی انسانی تنظیموں اور خیراتی اداروں نے غزہ میں اسرائیلی اور امریکی حمایت یافتہ متنازع امداد کی تقسیم کے نظام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انسانی تنظیم آکسفیم، سیو دا چلڈرن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غزہ میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے تناظر میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔