غزہ کی صورتحال پرسعودی ولی عہد اور بلنکن کا تبادلہ خیال

,

   

فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیںکرنے کا عزم

ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کل جدہ میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ملاقات کی ہے۔میڈیا کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی حالات خاص طور پر غزہ کی پٹی اور اس کے گرد نواح میں ہونے والی پیش رفت، فوجی کارروائیوں کو روکنے، اس کے سکیورٹی اور انسانی اثرات سے نمٹنے کیلیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسی بن محمد العیبان موجود تھے۔امریکہ کی طرف سے مملکت میں امریکی سفیر مائیکل ریٹنی اور وفد کے دیگر ارکان شریک تھے۔قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے چہارشنبہ کو جدہ میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کا خیرمقدم کیا۔ میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔غزہ کی پٹی اور رفح شہر کی صورتحال میں پیش رفت اور فوری جنگ بندی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کے علاوہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیں کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔