انقرہ : ترکیہ کیصدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ترکیہ اپنے تمام وسائل کے ساتھ غزہ کے بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہنے کا عزم رکھتا ہے۔صدر اردغان نے استنبول میں اپنی پارٹی کے رابطہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی غزہ کے لوگوں کے خلاف نسل کشی کا ایک سال مکمل ہونے والا ہے گزشتہ 364 دنوں میں 17 ہزار سے زائد بچوں، ہزاروں عورتوں، بوڑھوں، عام شہریوں، ڈاکٹروں، اور صحافیوں کو بے رحمی سے شہید کیا گیا ہے جبکہ پوری دنیا کے سامنے 50 ہزار کے قریب معصوم لوگوں کا قتل ہوا ہے۔صدر نے کہا کہ بین الاقوامی قانون، بنیادی انسانی حقوق اور آزادی، جنگ کے قوانین، انسان اور انسانیت کے تمام قدریں پامال کی گئی ہیں۔ 360 مربع کلومیٹر کے اندر کوئی بھی جرم کوئی بھی بربریت نہیں بچی، لیکن وہ کچھ بھی کریں وہ غزہ کے لوگوں کے مزاحمتی عزم کو توڑ نہ سکیں گے۔غزہ کے بھائی تمام مشکلات کے باوجود 364 دنوں سے صہیونی جارحیت کے خلاف بہادری سے لڑ رہے ہیں۔اردغان نے فلسطین کے بہادر بیٹوں کے لییاپنا خیر سگالی کا پیغام بھیجا اور کہا کہ ترکیہ اپنے تمام وسائل کے ساتھ غزہ کے بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔