نیویارک : امریکی شخص سے بندوق صاف کرتے ہوئے غلطی سے بیوی پر گولی چل گئی، بیوی کے ہلاک ہونے پر شوہر نے سزا کے طور پر خود پر گولی چلا کر خود کشی کر لی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 61 سالہ سیمن ہینڈرکسن اپنے گھر میں رکھی بندوقوں میں سے ایک کو صاف کر رہا تھا، اس دوران غلطی سے گولی چل گئی جس کے نتیجے میں اس کی 60 سالہ بیوی، لوری ہینڈرکسن ہلاک ہو گئی۔ غیر ملکی میڈیا ’نیویارک پوسٹ‘ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتہ 15 جولائی کو شکاگو میں پیش آیا جہاں بیوی کے ہلاک ہو جانے پر شوہر، سیمن ہینڈرکسن نے خود پر بندوق چلا کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق سیمن ہینڈرکسن نے ہینڈگن سے خود پر گولی چلا کر اپنی جان لے لی اور موقع پر ہی دم توڑ دیا، جائے وقوعہ پر میاں بیوی دونوں کو مردہ پایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا ہے کہ سیمن نے پولیس کو فون کیا یا اِن کے پڑوسیوں میں سے کسی نے فائرنگ کی آواز سنی اور مدد کے لیے پولیس کو کال کی۔ پولیس کے مطابق ٹیم کے جائے وقوعہ پہنچنے پر سیمن کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ ان کی اہلیہ کو پہلے قریبی اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں بعد میں اِنہیں مردہ قرار دیا گیا۔