غلط نمبر پلیٹس، سیاہ رنگ کے شیشوں پر 1000 روپئے جرمانہ

   

خلاف ورزی پر حیدرآباد ٹریفک پولیس کی سخت کارروائی کا آغاز
حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے 20 مارچ سے نامناسب / بے قاعدہ نمبر پلیٹس، فور وہیلرس پر سیاہ رنگ کے شیشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ اس کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی جانے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا اور کار مالکین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔ عدالتی احکام کی تعمیل نہ کرنے پر موٹر وہیکل ایکٹ کے مختلف سیکشنس کے تحت 1000/- روپئے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سٹی پولیس کے عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے یہ دیکھا جارہا ہے کہ شہر حیدرآباد میں کئی گاڑیاں (ٹو اینڈ فور وہیلرس دونوں) موٹر وہیکل ایکٹ میں مذکورہ رہنمایانہ خطوط کی تعمیل میں نہیں چلائی جارہی ہیں بالخصوص نمبر پلیٹس کے معاملہ میں قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ بعض صورتوں میں نمبر پلیٹس کا سائز اس کے لئے مقرر کردہ قاعدہ کے مطابق نہیں ہوتا اور کئی گاڑی مالکین نے نمبرس اور حروف میں تحریف کی ہے تاکہ ٹریفک پولیس اور چالان سے بچا جاسکے۔