حیدرآباد14دسمبر(یواین آئی)عموما بیٹا اپنے باپ کی ارتھی کے جلوس کی قیادت کرتا ہے تاہم ایک انوکھے واقعہ میں بیٹی نے باپ کی ارتھی کے جلوس کی قیادت کی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم کے چنتاکانی منڈل کے پرودوٹور دیہات میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق اس دیہات سے تعلق رکھنے والے سرکاری ٹیچر43سالہ مرلی کی موت ہوگئی۔اس ماہ کی 8تاریخ کو پیش آئے سڑک حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔اس کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔مرلی کو دو بیٹیاں ہیں۔بیٹا نہ ہونے پر اس کی ارتھی کے جلوس کی قیادت اس کی بڑی بیٹی نے کی۔اس کے ہاتھ میں ہانڈی تھی اور وہ ارتھی جلوس کے آگے آگے چل رہی تھی۔اس کے ساتھ اس کی چھوٹی بہن بھی تھی۔یہ دونوں بہنیں باپ کی موت پر غم سے نڈھال نظر آرہی تھیں۔