غیرسماجی عناصر اور لینڈ گرابرس کی نقل و حرکت پر سخت نظر

   

متعلقہ افراد کے پتہ کا جیوٹیاگنگ، چند لمحات میں سرگرمیوں کا پتہ
حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے روڈی غنڈہ عناصر اور لینڈ گرابرس کے خلاف سخت گیر اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ غیرسماجی عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ روڈی، غنڈہ اور لینڈ گرابرس عناصر کے پتہ کو جیوٹیاگنگ کیا جارہا ہے تاکہ ان کی سرگرمیوں اور موجودگی کا چند سیکنڈس میں پتہ چلایا جاسکے۔ عوام کو راحت فراہم کرنے اور غنڈے عناصر کو قابو میں رکھنے کیلئے کمشنر پولیس نے سخت اقدامات کو ضروری قرار دیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد پولیس مسٹر اسٹیفن رویندرا نے اس سلسلہ میں انسپکٹران پولیس (ایس ایچ او) کو احکامات جاری کردیئے۔ پولیس اسٹیشن پر موجودہ روڈی عناصر کی تعداد کے علاوہ ان کی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پرنظر رکھی جائے گی۔ روڈی شیٹرس کی سرگرمیوں اور کس طرح کے جرائم کو وہ انجام دے چکے ہیں اور موجودہ حالات میں کیا کررہے ہیں۔ کہیں عوام کو ہراساں تو نہیں کیا جارہا ہے۔ ان تمام اطلاعات کی فراہمی اب ایس ایچ او کے سپرد رہے گی۔ اس کے علاوہ اب اسٹیشن ہاؤز آفیسرس کی جانب سے روڈی اور غنڈہ عناصر کو پولیس اسٹیشن طلب کررہے ہیں اور پوچھ تاچھ کے بعد اے سی پی کی نگرانی میں کونسلنگ کی جائے گی۔ ساتھ ہی روڈی، غنڈہ اور لینڈگرابرس عناصر کو پابند کرتے ہوئے انہیں غیرسماجی سرگرمیوں کے خلاف خبردار کیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے روڈی عناصر لینڈگرابرس پر سخت نظر رکھنے کی پولیس ملازمین کو ہدایت دی ہے۔