نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے آج لوک سبھا میں کہا کہ بیرونی ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کی شکایات کے ازالہ اور مسائل کی یکسوئی کو مرکزی حکومت اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں سے متعلق مسائل منظم انداز میں درج کئے جاتے ہیں اور ’مدد‘ پورٹل پر ان کی نگرانی کی جاتی ہے جس کا افتتاح فروری 2015ء کو عمل میں آیا تھا تاکہ غیرمقیم ہندوستانیوں کے مسائل کو ایک معینہ مدت میں صاف و شفاف طریقہ سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مدد پورٹل پر فروری 2015ء سے 18 جولائی تک 50,605 شکایات درج ہوئی تھیں جن کے منجملہ 44,360 کی کامیابی کے ساتھ یکسوئی کرلی گئی۔ حل شدہ مسائل کی شرح 90 فیصد ہے جن میں 36,805 شکایات خلیجی علاقہ میں رہنے والے ہندوستانیوں سے موصول ہوئی تھیں۔