غیرملکی شہری اپنے رشتہ داروں کو عمرہ ویزے پر بلاسکیں گے، قانون منظور

   

ریاض۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکام نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے رشتے داروں کے لیے عمرہ ویزا جاری کرنے کا قانون منظور کرلیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شہری اور ملک میں مقیم غیر ملکی اپنے قریبی رشتے داروں کے لیے عمرہ ویزا جاری کرسکیں گے۔سعودی وزارت حج وعمرہ کے سکریٹری ڈاکٹر عبد العزیز وزان نے بتایا کہ ویزے سے متعلق اس نئے قانون کو بہت جلد نافذ کیا جائے گا،اس نئے قانون کے مطابق سعودی شہریوں سمیت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکی بھی اپنے 3 سے 5 رشتہ داروں کے لیے عمرہ ویزا جاری کروا سکیں گے۔موجودہ عمرہ ضوابط کے مطابق سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے رشتے داروں کے لیے عمرہ ویزا جاری نہیں کرواسکتے، عمرہ ویزا جاری کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہوتا ہے کہ عمرے کے خواہشمند افراد اپنے ملک میں کسی عمرہ ایجنٹ سے پیکج خریدتے ہیں اور اسی کے مطابق انہیں عمرہ ویزا جاری کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی شہری اور غیر ملکی سال میں 3 مرتبہ اپنی عزیزوں کو عمرہ کے لیے سعودی عرب بلا سکیں گے۔