غیر زرعی اراضیات کیلئے علحدہ پٹہ دار پاس بک کی تجویز

   

حیدرآباد ۔22۔ اگست (سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں غیر زرعی اراضیات کیلئے علحدہ پٹہ دار پاس بک جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ اراضی مالکین کو تحفظ حاصل ہو۔ دیہی علاقوں میں آبادی لینڈ اور گرام کانتم کے تحت موجود اراضیات پر مکانات تعمیر کئے گئے اور ان اراضیات کو غیر زرعی اراضیات کے زمرہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے زرعی اراضیات کیلئے رائیٹ آف ریکارڈ ایکٹ 2020 کے تحت سبز رنگ کی پٹہ دار پاس بک جاری کی جاتی ہے۔ قانون میں ترمیم کے ذریعہ حکومت نے غیر زرعی اراضیات کے لئے بھی پاس بک کی اجرائی کی گنجائش پیدا کی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ غیر زرعی اراضیات کے پاس بک کی تیاری کے سلسلہ میں عہدیداروں سے تجاویز طلب کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سابق بی آر ایس حکومت نے بھی غیر زرعی اراضیات کیلئے پٹہ دار پاس بک کی تجویز پیش کی تھی لیکن اس پر عمل نہیں کیا جاسکا۔ تلنگانہ میں زرعی اور غیر زرعی اراضیات کے نامناسب سروے کے نتیجہ میں دھرانی پورٹل کے نام پر عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔1