غیر مجاز تعمیرات کو جی ایچ ایم سی کی پشت پناہی

   

Ferty9 Clinic

کئی عمارتوں کی بلا خوف و خطر تعمیرات جاری ، جیوٹیانگ مہم کا عنقریب آغاز
حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) شہر میں غیر مجاز تعمیرات اور فٹ پاتھ پر کئے جانے والے قبضہ جات کو برخواست کرنے کیلئے چلائی جانے والی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی مہم کو عوامی تائید حاصل ہورہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر کی ترقی اور شہر کو حادثات سے پاک بنانے کیلئے کئے جانے والے ان اقدامات کو مزید تیزی کے ساتھ انجام دیا جانا چاہئے ۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جاری اس مہم کے سلسلہ میں اعلی عہدیداروں کی جانب سے سرگرم اقدامات کے باوجود شہر میں جاری غیر مجاز تعمیرات کو جی ایچ ایم سی کے زونل سطح کے عہدیداروں کی پشت پناہی حاصل ہونے کے سبب کئی تعمیرات اب بھی بلاخوف و خطر جاری ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔جی ایچ ایم سی کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں ایسی 2000سے زائد عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کے غیر مجاز ہیں اور ان کے تعمیراتی کام جاری ہیں لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس سلسلہ میں کوئی کاروائی انجام نہیں دی جا رہی ہے اور ان تعمیرات کو منتخبہ عوامی نمائندوں یا بلدی ملازمین کی جانب سے بچانے کے لئے کی جانے والی کاروائیوں کی خصوصی رپورٹ کمشنر جی ایچ ایم سی کے علاوہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کو کی جائے گی اور اس کے فوری بعد ان غیر مجاز و غیر قانونی عمارتو ںکے علاوہ فٹ پاتھ پر موجود ناجائز قبضہ جات کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔جی ایچ ایم سی کے تمام زون میں غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور ان تعمیرات کیلئے کوئی اور نہیں بلکہ خودجی ایچ ایم سی کے زونل سطح کے اور وارڈ سطح کے عہدیداروملازمین ذمہ دار ہیں جو کہ ان تعمیرات کو روکنے کے بجائے ان تعمیرات کو انجام وینے والوں کو بلدی قوانین میں موجود نقائص سے واقف کرواتے ہوئے انہیں تعمیرات کوجاری رکھنے کا حوصلہ فراہم کرتے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے شہر میں جاری تعمیرات کی جیو ٹیاگنگ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بہت جلد اس کا عمل مکمل کرتے ہوئے ان تعمیرات کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا جائے گاکیونکہ غیر مجاز عمارتو ںکی تعمیر سے نہ صرف حادثات کا خدشہ ہے بلکہ اس سے بلدیہ کے خزانہ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔